زلمی کی شکست، عاصم نے ہانیہ کو خبردار کردیا

February 22, 2020

پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے دن کے پہلے میچ میں پشاور زلمی کی کراچی کنگز سے شکست کے بعد عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کو خبردار کر دیا۔

پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل کا بخار کرکٹ شائقین میں سر چڑھ کربول رہا ہے، اس بخار میں کرکٹ سے شغف رکھنے والے شوبز ستارے بھی مبتلا ہوگئے ہیں۔

گلوکار عاصم اظہر نے دوست اور ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کی ٹیم پشاور زلمی کی شکست پر ان کا خوب مذاق اڑایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ مانا کہ آپ کی زلمی کی ٹیم اچھی ہے لیکن کراچی کو بھی آسان نہیں لینا۔‘

یاد رہے کہ ہانیہ عامر پشاور زلمی کی ٹیم کے آفیشل ترانے کی ویڈیو کا بھی حصہ بنی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے مقابلوں میں کراچی کنگز کے 202 رنز کے ہدف میں پشاور زلمی کی ٹیم191رنز بناسکی۔

میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو10 رنز سے شکست دے دی۔