خالد جاوید خان نئے اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات

February 22, 2020

خالد جاوید خان نئے اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات

وفاقی حکومت نے خالد جاوید خان کو انور منصور کی جگہ نیا اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کر دیا ہے۔

صدر مملکت کی منظوری سے وزارت قانون و انصاف نے خالد جاوید خان کو بطور اٹارنی جنرل تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔

وزارت قانون کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صدر مملکت نے آئین پاکستان 1973ءکی شق 100کی ذیلی شق 1کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے خالد جاوید خان کو اٹارنی جنرل پاکستان تعینات کیا ہے ۔ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نئے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان پیر کے روز جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے دائر درخواستوں پر حکومتی مؤقف پیش کریں گے۔

خالد جاوید خان کی بطور اٹارنی جنرل تعیناتی کا نوٹیفیکیشن

واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی حکومت کے مطالبے پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انور منصور خان نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان بار کونسل نے میرے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ جس بار کا میں چیئرمین تھا افسوس اسی نے مجھ سے استعفیٰ مانگا، جب اپنی برادری استعفیٰ مانگے تو دینا پڑتا ہے۔