حکومت کا ٹھیکا پورا ہوگیا، 6 ماہ میں چلی جائے گی، بلاول

February 22, 2020

حکومت کا ٹھیکا پورا ہوگیا، 6 ماہ میں چلی جائے گی، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹھیکہ پورا ہوچکا ہے، یہ 6 ماہ میں چلی جائے گی۔

لاہورمیں صحافیوں سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حکومت ٹھیکے پر لی گئی ہے، اس کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے، جب حکومت ٹھیکے پر ملے تو وہی کرتی ہےجو ٹھیکا ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور سویلین بالادستی کو یقینی بنایا، بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں، مودی کے بعد اب ٹرمپ کی الیکشن مہم چلائی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا کردار اہم ہوتاہے، امید ہےشہبازشریف جلد واپس آئیں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پنجاب کےعوام کو جب ضرورت پڑی تو ان کےلیڈر ہی غائب ہوگئے جبکہ سندھ میں کتا کاٹے تو بریکنگ نیوز بنتی ہے، پرائم ٹائم ہیڈلائن ہوتی ہے اور اگر فیصل آباد اور لاہور میں کتے کاٹیں توکوئی بریکنگ نہیں ہوتی۔

انہوںنے کہا کہ سندھ کا ایچ آئی وی برا اور پنجاب کا ایچ آئی وی اچھاہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کم نہیں ہورہی ابھی تو شروع ہورہی ہے، گرمیاں آنےدیں، بجلی ہوگی نہ ایئرکنڈیشنز چلیں گے مگر بل تاریخی آئیں گے۔