شتروگھن سنہا کی صدر پاکستان سے ملاقات

February 24, 2020

معروف سینئر بھارتی اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے لاہور میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر بھارتی سینئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا کی کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں بھارتی اداکار لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں موجود تھے اور اُن کے ساتھ معروف اداکارہ ریما خان بھی تھیں۔

شتروگھن سنہا کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اِس کشمکش کا شکار ہوگئے تھے کہ یہ واقعی میں بھارتی اداکار ہیں یا پھر اُن کا کوئی ہمشکل ہے لیکن اب شترو گھن سنہا نے خود سوشل میڈیا پر اِس بات کا اعلان کردیا ہے کہ وہ پچھلے دنوں لاہور میں دوست کے بیٹے کی شادی میں شرکت کرنے آئے تھے۔

بھارتی سینئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں لاہور اپنے دوست کے بیٹے کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے آیا تھا اور یہ دیکھ کر مجھے بہت حیرت ہوئی کہ مجھے ایک دعوت نامہ موصول ہوا اور پھر میں نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔‘

شتروگھن سنہا نے اپنے اگلے ٹوئٹمیں لکھا کہ ’صدر پاکستان کی محبت اور گرم جوشی نے مجھے بہت متاثر کیا اور اِس پر میں اُن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں نےکراچی میں کچھ سال قبل صدرِ پاکستان کے بیٹے کی شادی میں شرکت کی تھی جس کی وجہ سے میں اِس خاندان کو بہت اچھے سے جانتا ہوں۔‘

بھارتی سینئر اداکار نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہماری اِس ملاقات میں صدرِ پاکستان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس ملاقات کے دوران ہم نے سماجی اور ثقافتی امور پر تبادلہ خیال کیا لیکن سیاست پر بات کوئی نہیں کی۔‘

اُنہوں نے اپنے آخری ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ کوئی سیاسی ملاقات نہیں تھی اِس لیے ہم نے سیاست پر بات نہیں کی اور میڈیا کو بھی یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب ملاقات سیاسی نہ ہو تو اُس میں غیر ملکی سرزمین پر جاکر دونوں ممالک کی سیاسی پالیسیوں پر تبادلہ خیال نہیں کرنا چاہیے۔‘

دوسری جانب صدرَ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ٹوئٹر پر شتروگھن سنہا سے ملاقات کی تصاویر شیئر کیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس ملاقات کے دوران شتروگھن سنہا نے دونوں ممالک کے درمیان امن قائم رکھنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن پر تبادلہ خیال کیا۔‘