کورونا کے خدشے کے پیش نظر متعدد اقدامات کیے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

February 24, 2020

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ گذشتہ 3 روز سے حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر متعدد اقدامات کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں شجرکاری مہم کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے جو احتیاطی تدا بیر ممکن ہیں اختیار کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے، جو حکومت کے اکیلے کے بس کا کام نہیں ہے کیونکہ وائرس انسانوں سے منتقل ہورہا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے تفتان بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا ہے، محکمہ صحت کی ٹیمیں وہاں پہنچا دی گئی ہیں اور تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں کہ اس وائرس کے پھیلاؤ سے جس حد تک ممکن ہو بچا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ پاک ایران سرحدی علاقے تفتان پر کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کر لی ہیں، یہ ناگہانی آفت ہے جس سے ملک بھر میں رہنے والوں کو مشترکہ طور پر نمنٹنا ہوگا۔