کراچی: کیماڑی میں کاروبار بحال ہونے لگا، معمولات زندگی بہتر

February 24, 2020

کراچی: کیماڑی میں کاروبار بحال ہونے لگا، معمولات زندگی بہتر

کیماڑی میں زہریلی گیس کی وجہ سے ہلاکتوں کے بعد اب علاقے میں معمولات زندگی بہتر ہونے لگے ہیں۔

کچھ روز قبل کراچی میں زہریلی گیس کی وجہ سے درجن سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ متعدد کی حالت خراب ہوگئی تھی۔

پولیس کے لیے بھی اموات کی وجہ جاننا ایک معمہ بن گیا تھا، جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ بندرگاہ پر زہریلی گیس کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

دوسری جانب کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے سمندری جہازوں میں سے زہریلی گیس نکلنے کے تاثر کو غلط قرار دے دیا گیا تھا۔

اس تمام تر صورتحال میں کیماڑی کے رہائشی خوف کا شکار ہوگئے تھے جبکہ اس دوران کاروبار بھی بند ہوگیا تھا۔

تاہم اب دوبارہ اس علاقے کی رونقوں کے ساتھ یہاں کاروبار بھی بحال ہونے لگا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی بہتر ہورہے ہیں۔

علاقے میں لوگوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کروانے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔