سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے زینب الرٹ بل منظور کرلیا

February 24, 2020

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے زینب الرٹ بل منظور کرلیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے زینب الرٹ بل ترمیم کے ساتھ منظور کر لیا۔

مذکورہ بل منظوری کے لیے 2 مارچ کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اس بل کا اطلاق ملک بھر میں ہوگا۔

اس حوالے سے چیئرمین کمیٹی مصطفٰی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ بچوں سے زیادتی کے کیسز خصوصی عدالتیں سنیں گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بچوں سے زیادتی کی ایف آئی آر فوری درج نہ کرنے والے پولیس اہل کاروں کو سزا اور جرمانہ ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ پولیس کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ کسی بھی بچے کی گمشدگی کی ایف آئی آر فوری طور پر درج کی جائے۔

ایف آئی آر درج نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ پولیس آفیسر کو 2 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

چیئرمین کمیٹی مصطفٰی نواز کھوکھر پرامید ہیں کہ اس بل کے ملک بھر میں اطلاق سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز میں نمایاں کمی آئے گی۔