برمنگھم میں عاطف اسلم کی شاندار پرفارمنس ،تماشائی مبہوت ہوگئے

February 25, 2020

برمنگھم (عمران منور) معروف پلے بیک سنگر عاطف اسلم نے گزشتہ روز اپنے دورہ لندن کا آغاز اتوار کو برمنگھم میں شاندار پرفارمنس سے کیا، جس سے تماشائی مبہوت ہوکر رہ گئے، ارینا برمنگھم میں عاطف اسلم کے کنسرٹ میں کم وبیش 3 ہزار افراد نے شرکت کی۔ عاطف نے کسی وقفے کے بغیر یکے بعد دیگرے اپنے مقبول گیت سنا کر تماشائیوں کو بھی تھرکنے پر مجبور کردیا، ان کے مداحوں کی اکثریت کا تعلق جنوبی ایشیائی ممالک سے تھا اور ان کا تعلق صرف برمنگھم سے نہیں تھا بلکہ بہت سے لوگ لندن، کوونٹری، مانچسٹر اور دیگر شہروں سے بھی کنسرٹ میں شریک ہونے کیلئے برمنگھم پہنچے تھے۔ شام کا آغاز عاطف نے اپنے البم کے ٹائٹل گیت دوری سے کیا، اس کے بعد سامعین کی فرمائش پر انھوں نے یکے بعد دیگرے تیرے بن، تیرا ہونے لگا ہوں اور وہ لمحے سمیت متعدد مقبول گیت سنائے۔ انھوں نے استاد فتح علی کی قوالی دھمال، دمادم مست قلندر، میرا پیا گھر آیا اور اکھیان اودیک دیان اور پنجابی گیت دل دیاں گلاں سنا کر حاضرین کے دل موہ لئے۔ انھوں نے کنسرٹ کا اختتام اپنے پہلے مقبول گیت عادت سے کیا۔ عاطف اسلم برطانیہ میں قیام کے دوران اب لندن اور مانچسٹر میں بھی پرفارم کریں گے، وہ 29 فروری کو لندن کے علاقے ہیمر اسمتھ کے اپولو میں اور یکم مارچ کو مانچسٹر میں پرفارم کریں گے، ان کے اس دورے کا اہتمام برائٹ بیٹ نے ٹیپوسلطان اور بگ جون برمنگھم میلہ کے اشتراک سے کیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ لندن اور مانچسٹر کے کنسرٹ کے تقریباً تما م ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔