جنیوا میں’’ کشمیری محاصرے میں کب تک‘‘ کے عنوان سے سیمینار کل ہوگا

February 25, 2020

کوونٹری (نمائندہ جنگ) ’’کشمیری بھارتی فوج کے محاصرے میں آخر کب تک‘‘ کے عنوان سے سیمینار انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کونسل جنیوا کے آڈیٹوریم میں 26 فروری کو ہو گا ۔قبل ازیں بین الاقوامی تنظیم احرام سفارت کاری کے ذریعے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو بھارتی ظلم تشدد اور نسل کشی کے ایک نہ رکنے والے مکروہ کھیل کے خلاف اعتماد میں لیں گے، احرام تنظیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیمینار میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری پاکستان سے خصوصی طور پر شرکت کر رہی ہیں جبکہ ممبران یورپین پارلیمنٹ معروف سکالرز دانشور سول سوسائٹی کے افراد اور کشمیری حریت پسند لیڈر و آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے راہنما پروفیسر نذیر شال ،اقوام متحدہ کے مستقل ممبر برسٹر مجید ترمبو اور آل پارٹی گروپ آف کشمیر یورپین پارلیمنٹ کے صدر کلاس بخنر خصوصی پینل کی رہنمائی کرتے ہوئے بھارتی ظلم پر روشنی ڈالیں گے۔ بھارتی افواج 5 اگست 2019 سے کشمیریوں کے تشخیص کو ختم کرنے اور انسانی جانوں کے خاتمے کے لیے مقبوضہ کشمیر کو محاصرے میں رکھے ہوئےہے جس کا ازالہ انتہائی ضروری ہے۔ معروف کشمیری رہنما ایوب راٹھور ایڈوکیٹ نے کہا کہ برسلز میں آل پارٹی گروپ آن کشمیر کے قیام کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی تنظیم احرام کے بھارت کے خلاف پیش کیے گے خدشات و تحفظات کو قانونی شکل ملنا ایک بڑی کامیابی اور کشمیریوں کی فتح ہے۔ان حالات میں ہمیں متحد منظم ہو کر برسٹر مجید ترمبو کے ہاتھ مضبوط اور کندھے سے کندھا ملانا ہو گا کیونکہ برسٹر ترمبو ہی کی کاوشوں سے یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ قائم ہوا ہے جو ایک بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے جس کے آئندہ دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی -