کرونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہے ،جاپانی وزیراعظم

February 25, 2020

ٹوکیو (اے پی پی) جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے حکومتی ٹاسک فورس کو نئے کورونا وائرس کے متاثرین میں ممکنہ بھاری اضافے سے نمٹنے کے لیے تیاری کرنے کا حکم دیا ہے۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو میں حکومتی ٹاسک فورس کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی علاقوں میں ایسے متاثرین کے سامنے آنے کے بعد جن کے بارے میں معلوم نہیں کہ انہیں کرونا وائرس کہاں سے لگا ہے، یہ صورت حال تشویشناک شکل اختیار کر گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے پر قابو پانے اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قابل بھروسہ اور موثر احتیاطی اقدامات کا نفاذ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں ممکنہ بھاری اضافے کی تیاری کے لیے ایسا طبی خدماتی لائحہ عمل تشکیل دیں جو متاثرہ افراد کو شدید بیمار پڑنے سے روکنے پر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے ٹاسک فورس ارکان کو آگاہ کیا کہ بعض طبی اداروں نے اس مرض کا علاج دریافت کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر متاثرہ افراد کو انسداد فلو دوا، ایوی گان دینا شروع کر دی ہے۔