مہوش حیات کی نشاندہی پر کراچی ایئرپورٹ کی مرمت

February 25, 2020

معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات کی نشاندہی پر کراچی ایئر پورٹ میں مرمت کا کام شروع ہوگیا۔

گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی ایئر پورٹ پر جاری مرمت کے کام کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔

مہوش حیات نے لکھا کہ ’آج میں کراچی ایئرپورٹ گئی اور وہاں یہ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی کہ خواتین و حضرات کے لیے مختص کمروں میں مرمت کے کام کا آغاز ہوگیا ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں آنے والے غیر ملکیوں پر ایئرپورٹ سب سے پہلے اثر انداز ہوتا ہے ،ان کو اچھا ہونا چاہیئے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں حکام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ جنہوں نے میری دراخواست کو سُن کر اُس پر عمل کیا۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ دِنوں مہوش حیات نے ٹوئٹر پر کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے مختص کمرے کی گندگی کے حوالے سے ٹوئٹ کیا تھا۔

اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’بدقسمتی سے کراچی ایئر پورٹ پر خواتین کے لیے مختص کمرہ استعمال کرنے کا اتفاق ہوا جو انتہائی گندہ اور بدبو دار تھا۔‘

اداکارہ نے لکھا تھا کہ’وہاں انہیں لال بیگ بھی دکھائی دیئے جن کی موجودگی انتہائی مضرِ صحت ہے۔‘

انہوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ ’ملک میں آنے والوں کو ہم کیا تاثر دینا چاہتے ہیں؟‘

اداکارہ نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’یہ بنیادی سہولیات ہیں اس لیے انہیں صاف رکھیں۔‘

مہوش حیات کے اِس ٹوئٹ کے بعد حکومت پاکستان نے اُن کی اِس شکایت کا نوٹس لے لیا تھا۔