معیشت کومے میں ہے، اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا بچنا مشکل ہوگا،شہبازشریف

February 25, 2020

صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف کا کا کہنا ہے کہ معیشت کومے میں ہے، ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا زندہ بچنا مشکل ہوگا۔

شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے، رواں مالی سال کے سات ماہ کی یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی یہ رپورٹ حکومتی معاشی دعوؤں کو جھوٹ ثابت کر رہی ہے ، 13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری، کارخانہ تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی۔

انہوں نے مہنگائی اور اشیائے ضرورت کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ،15 فیصد مہنگائی کرونا وائرس کی طرح مہلک ہے، کرپشن اورچوری میں اضافہ، نااہلی، نالائقی معاشی تباہی کی آگ پر تیل کاکام کر رہی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے۔