نواز شریف 16 ہفتے بعد بھی کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے،راجہ بشارت

February 25, 2020

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی لاہور میں پریس کانفرنس

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ نواز شریف 16 ہفتے بعد بھی کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے ہیں۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے پنجاب کابینہ اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران علاج کی غرض سے لندن گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی علالت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آیا، نواز شریف کو کچھ شرائط پر ضمانت دی گئی تھی جس کے بعد نواز شریف کی ضمانت میں توسیع 16 ہفتے تک ہو گئی ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ لندن میں موجود نواز شریف علاج کے لیے کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے ہیں، اس وقت تک لندن سے کوئی بھی خبر نہیں آئی کہ نواز شریف کا آپریشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قانونی، اخلاقی اور نہ ہی میڈیکل بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت میں توسیع ہو سکتی ہے، فیصلہ کیا ہے کہ وفاق کو لکھیں گے کہ پنجاب حکومت نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں دے گی۔

راجہ بشارت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نواز شریف کی ضمانت سے متعلق عدالت کو آگاہ کرے گی، ہم نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا تھا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجیں، کسی اسپتال میں نواز شریف کا داخل نہ ہونے کا مطلب ہے کہ کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کی طرف سے آج تک ان کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کی گئیں ہیں جبکہ نواز شریف کے معالجین نے بھی وہی رپورٹس بھیجیں جو یہاں سے کی گئی تھیں۔