دلبرداشتہ ننھے فین کو قلندرز سے ملاقات کی دعوت

February 25, 2020

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست پر دلبرداشتہ ہونے والے قلندرز کے ننھے فین کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے بچے کو اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے اور قلندرز سے ملاقات کی دعوت دے دی۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ قلندرز کی انتظامیہ بچے سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے، خواہش ہے کہ وہ بچہ اسٹیڈیم آکر میچ دیکھے اور قلندرز سے ملاقات کرے۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ننھے فین کی لاہور قلندرز کے ساتھ اس قدر جذباتی وابستگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پورے پاکستان سے لوگ لاہور قلندرز سے محبت کرتے ہیں، حالانکہ ابھی پورا ٹورنامنٹ باقی ہے لیکن لوگوں کا ٹیم کے لیے یوں جذباتی ہوجانا قلندرز سے ان کے لگاؤ کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز بظاہر تو لاہور کی ٹیم ہے لیکن اسکو محبت کرنے والے پورے پاکستان میں بستے ہیں اور جس طرح کے جذبات کا اظہار لوگ قلندرز کے ساتھ کرتے ہیں ایسے تو پاکستان ٹیم کے لیے بھی نظر نہیں آتے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ہاتھوں لاہور کی ایک وکٹ سے شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ننھے فین کی وڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں بچہ اپنی پسندیدہ ٹیم کی ناکامی پر رو کر افسوس کا اظہار کررہا تھا۔

بچے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز اور پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے بچے کو فرنچائز بدلنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم عاطف رانا پُرامید ہیں کہ ننھا قلندر، لاہور کا ہی مداح رہے گا۔