کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض سامنے آگیا

March 08, 2020

کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض سامنے آگیا

کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض سامنے آگیا ہے جس کے بعد شہر قائد میں متاثرین کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق آج کے نئے کیس کے بعد اب تک کراچی میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 7 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا وائرس کا ایک مریض صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھر جاچکا ہے۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے والا کراچی کا 22 سالہ نوجوان بھی ایران سے واپس آیا تھا۔

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 6 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا کہ اُنہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا ہے اور اب اس کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے اسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے، نوجوان کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحتیاب ہوگیا ہے، نوجوان میں 10 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔