امریکہ پابندیاں ہٹائے، ہم خود وباء پر قابو پاسکتے ہیں، ایران

March 24, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) ايرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امريکا نئے کورونا وائرس سے نمٹنے ميں ايران کی مدد کرنا چاہتا ہے، تو اسے پابندياں ختم کر دينی چاہئیں، پابندیوں کے خاتمے کے بعد تہران خود اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیگا۔ پیر کے روز ٹی وی پر براہ راست تقریر کے دوران روحانی نے يہ بھی کہا کہ تہران حکومت امريکا کی جانب سے انسانی بنيادوں پر امداد تسليم کرنے کا کوئی ارادہ نہيں رکھتی۔ انہوں نے امریکی رہنمائوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی مدد کرنا چاہتے ہیں تو وہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹائیں اس کے بعد تہران خود اس وباء پر قابوپانے کے قابل ہوجائے گا۔ دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکا کسی کی نہیں سن رہا اور امریکی پابندیاں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ امریکا واضح کرچکا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود وہ ایران پر عائد پابندیاں نہیں ہٹائے گا۔ واضح رہے کہ ايک روز قبل ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ خامنہ ای نے بھی امريکی امداد کی پيشکش ٹھکرا دی تھی۔