میڈیکل افسران کی تقرری کا خیر مقدم‘ مستقل تعینات کیا جائے‘پی ڈی اے

March 25, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے صوبائی حکومت کی جانب سے 1299 میڈیکل افسران کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی تقرری کی بجائے ڈاکٹروں کو مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے تاکہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کی جاسکے۔ ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر سلیم خان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کورونا ایمرجنسی کی وجہ سے سپیشلائزیشن تربیت کا انتظار کرنے والے ایک ہزار ڈاکٹروں کی انڈکشن کے احکامات بھی جاری کرے تاکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں اور صحت کے دیگر ملازمین کو کورونا سے بچائو کے لئے حفاظتی آلات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کورونا سے شہید ہونے والے ڈاکٹر اسامہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے اور وفاقی حکومت سے اسے ریاستی اعزاز سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔