لاہور: دوسرے روز بھی لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا

March 26, 2020

لاہور میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روز بھی مکمل طور پر عملدرآمد نہ ہو سکا اور لوگ سڑکوں پر گھومتے رہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ مٹر گشت کی عادت جان نہیں چھوڑتی تاہم شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس چوکس نظر آرہی ہے۔

لاہور میں ٹریفک دیکھ کر لگتا نہیں کہ لاک ڈاؤن ہے۔ پولیس نے دھرم پورہ، گڑھی شاہو، علامہ اقبال روڈ اور بڑی سڑکوں پر ناکے لگا رکھے ہیں تاہم موٹرسائیکل، رکشے اور کاریں رواں دواں ہیں۔

پولیس روکے تو موٹر سائیکل سوار منچلے خاردار تاریں بھی عبور کر لیتے ہیں۔ کئی مقامات پر پولیس نے بھرے رکشے خالی کرادیئے اور کہیں واپس موڑ دیئے۔