یہ سیاست نہیں انسانیت کی خدمت کاوقت ہے،الطاف شاہد

March 28, 2020

لندن (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں انسانیت کی انتھک خدمت کا وقت ہے۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال کی تقلیدکرتے ہوئے حکومت اور متحدہ اپوزیشن والے بلیم گیم کے نام پرقیمتی وقت برباد کرنے کی بجائے اپنی توانائیاں پاکستانیوں کو مہلک کورونا وبا سے بچا نے اور اس کامستقل سدباب کرنے کیلئے صرف کریں۔ اس وقت حکمران پارٹی سمیت کوئی جماعت تنہا اس آفت کا مقابلہ نہیں کرسکتی، اس پر قابو پانے کیلئے ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو ڈر کی کیفیت سے باہر نکلنا ہوگا، کورونا قابل شکست ہے۔ مناسب اختیاطی تدابیر سے کورونا کا بھوت بوتل میں بند اور سمندر برد کیا جاسکتا ہے۔ وہ اپنی صدارت میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمرانوں سمیت سیاستدان پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال کے نقش قدم پر چلیں اور عوام کا مورال بلند کریں۔ جس طرح ہمسایہ ملک چین نے کورونا کو شکست فاش دی اس طرح پاکستان بھی اس وبا کو نابود کر دے گا۔ پاکستان کے لوگ بہت پرجوش، پرعزم اور پُرامید ہیں، کورونا وبا پاکستانیوں کو مرعوب نہیں کرسکتی تاہم عوام کورونا سے بچائو کیلئے بتائی جانے والی اختیاطی تدابیر پر ضرور کاربند رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو سیاسی قیادت کے شانہ بشانہ کورونا کے خلاف جاری مزاحمت کو کامیاب بنانا ہوگا۔ سیاسی قیادت نے اپنے ہم وطنوں کی خدمت اور حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے، سیّد مصطفیٰ کمال اور انیس احمد قائم خانی اس نازک وقت میں اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔