حریت رہنمایٰسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش ہے، عبدالاعلیٰ درانی

March 28, 2020

بریڈفورڈ(پ ر) حریت رہنمایٰسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت سخت تشویش ناک ہے عالمی اداروں کومقبوضہ کشمیریوں کو چھ ماہ سے لاک ڈاؤن کرنے والے ظالموں کے خلاف آواز اٹھا ناچاہیئے ،کرونا وائرس پوری دنیا کواپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اس کا ایک سبب کشمیر وفلسطین میں بسنے والے مظلوم انسانوں کی قابل رحم صورتحال سے ساری دنیا کو آگاہ کرنا بھی ہے ۔اگراب لوگ ان کے درد سے آشنا نہیں ہوتے توحق تعالیٰ اس سے بھی سخت مصیبت ڈالنے پر قادر ہے ،ان خیالات کا اظہار ممتازعالم دین مولاناحافظ عبدالاعلیٰ درانی ناظم نشرواشاعت مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکرونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور اس کی تباہ کاریوں میں الجھ کر دنیا کشمیری اور فلسطینیوں کی صورتحال سے بے خبر نہ ہوجائے ،بلکہ دنیا میں جہاں جہاں بھی انسانوں پر ظلم ہورہاہے اس کا سد باب کرے جیسا اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ مولاناعبدالاعلیٰ نے معروف کشمیری حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پھر بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کاانسانی حقوق کی تنظیموں کوفوراً نوٹس لینا چاہیئے اور بھارتی حکومت انسانیت کے ناطے اپنے ظلم وستم سے باز آجائے ورنہ مظلوموں کی آہ و فغان بھارت کو تہہ و بالا کردے گی۔انہوں نے کہا کہ یٰسین ملک ،سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں نے اپنی جوانی اور تمام صلاحیتیں مقبوضہ کشمیرکی آزادی پر لگادی ہیں ان کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ مولانا عبدالاعلیٰ نے یسین ملک اور سید علی گیلانی کی صحت و عافیت اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان کی کامیابی کی دعا کی کہ قادر مطلق مظلوموں کی مدد فرمائے۔