نیویارک میں مسلمانوں کی تدفین مشکل ہوگئی

March 28, 2020

واشنگٹن (پی پی آئی) امریکہ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر شہر نیویارک میں مسلمانوں کی تدفین مشکل ہوگیا ہے۔ نیویارک میں متعدد مسلمان کرونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں بیشتر بنگلادیشی اور دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔ وائس اف امریکہ کے مطابق نیویارک میں واقع الریان مسلم فیونرل ہوم کے ڈائریکٹر امتیاز احمد نے بتا یاہے کہ امریکہ میں مسلم میتوں کی تدفین سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ ایک میت کی تدفین کے لئے چار سے چھ افراد کی مدد درکار ہوتی ہے۔ جو لوگ برسوں سے اجرت پر یہ کام کررہے ہیں، وہ کرونا وائرس کا نام سن کر بہانہ بناکر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میت کو کفن پہنانے اور تابوت میں ڈالنے کے لئے وہ دستانوں کے ساتھ ڈسپوزایبل ایپرن اور ماسک پہنتے ہیں۔ اس کے باوجود میت کو ہاتھ لگانے والے مزدور نہیں مل رہے۔ اسی لئے بعض مسلم فیونرل ہوم براہ راست اسپتالوں سے میت کو کفن پہناکر تابوت میں قبرستان روانہ کردیتے ہیں جہاں ان کی تدفین ہوجاتی ہے۔انھوں نے نیویارک میں وبا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر نئے دن ان کے پاس پہلے سے زیادہ میتیں آرہی ہیں۔ انھیں خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں زیادہ جانی نقصان ہوسکتا ہے۔ مسلم کمیونٹی میں اموات کی زیادہ شرح بنگلہ دیشیوں میں ہے جس کی وجہ شا ید یہ ہے کہ چھوٹی سی جگہ میں پورا خاندان اکٹھا رہتا ہے اور ان کے ہاں معمر لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔