میڈیا کی اہمیت بڑھ گئی، اخبارات ، ٹی وی چینلزبند نہیں ہونگے، سیکرٹری اطلاعات

March 28, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ اخبارات کرونا وائرس کے پھیلائو کا قطعاََ ذریعہ نہیں ، اسلئے اخبارات کی پرنٹنگ پر پابندی عائد کی جائیگی اور نہ ہی ٹی وی چینلز کو بند کیاجائیگا، ایک خصوصی انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء پھیلنے کے بعدموجودہ حالات میں میڈیا کی اہمیت پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے اسلئے اخبارات یا ٹی وی چینلز کی بندش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس وقت اخبارات اور نیوز چینلز ہی مستند معلومات کا واحد ذریعہ ہیں،موجودہ حالات میں میڈیا پر عوام کو کرونا وائرس کے آگاہی دینے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، میڈیا کوچاہیے کہ کرونا سے بچائو کے حوالے سے حکومتی ہدایات من وعن عوام تک پہنچائے،ابھی تک وزارت اطلاعات ونشریات کے سائبرونگ کے ایک ملازم میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکی ہر ممکن مدد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں اور متعلقہ افسران متاثرہ ملازم سے مسلسل رابطے میں ہیں، وزارت اطلاعات اور اسکے تمام ذیلی اداروں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ،پی ٹی وی، اے پی پی، پی سی پی، ریڈیوپاکستان وغیرہ کے کسی افسر، ملازم یا انکے خاندان کے کسی فرد میں خدانخواستہ کرونا کی علامات ہوں یا اسکا ٹیسٹ مثبت آجائے تووہ جوائنٹ سیکرٹری مستعین احمد علوی یا انکے دفتر سے رابطہ کرے، علاج معالجے کے سلسلے میں اسکی بھرپور مدد کی جائیگی، موجودہ صورتحال سے ہم خوفزدہ نہیں،ہمیں کرونا سے ڈرنا نہیں ، لڑنا ہے ، ہمارے تمام ادارے کرونا کے بعد بھی معمول کے مطابق احتیاطی ایس او پیز کے تحت اپنا کام کر رہے ہیں، اکبردرانی کا کہنا تھا کہ گو وزارت اطلاعات اور اسکے ذیلی اداروں میں افسران وملازمین کی تعداد بہت زیادہ نہیں لیکن اس میں میڈیا سے متعلقہ انتہائی قابل ،تجربہ کار افسران کی بڑی تعداد کام کررہی ہے جن میں کئی افسران ایسے ہیں جن کا تجربہ 30سال یا اس سے بھی زیادہ ہے، وزارت خارجہ نے افریقی ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں انفارمیشن گروپ کے افسران کیلئے پریس قونصلراور پریس اتاشی کی نئی پانچ سیٹیں پیداکرنے بارے رائے طلب کی ہے جس پر رضامندی ظاہر کی ہے،قبل ازیں بھی انفارمیشن گروپ کے گریڈ 19 کے 11 افسروں کی بطورپریس قونصلر اورگریڈ18 کے5افسروں کی بطور پرفارن پوسٹنگ کی سمری پر سوالات کے جوابات وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوادیئے تھے اگر مزید سوالات آئے تو انکے جوابات بھی بھجوادیں گے، جن افسران کی پہلے اچھے اسٹیشنز پر بطور پریس قونصلر یا پریس اتاشی فارن پوسٹنگ ہوئی تھی انہیں اب اس طرح کے اسٹیشنز نہیں ملیں گے،وزیراعظم کی منظوری کے بعد تمام افسروں کی فارن پوسٹنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائیگا۔