لاک ڈائون، ’’انٹرنیٹ آرکائیو‘‘ لائبریری نے کتب بینی کے شوقین افراد کیلئے 14؍ لاکھ کتب تک رسائی مفت کر دی

March 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کتب بینی کے شوقین افراد کیلئے ڈیجیٹل لائبریری ’’انٹرنیٹ آرکائیو‘‘ نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران گھروں میں لاک ڈائون ہونے والے افراد کیلئے اپنی 14؍ لاکھ کتابوں تک عوام کو مفت رسائی دینے کا اعلان کیا ہے، یہ کتب ’’نیشنل ایمرجنسی لائبریری‘‘ کے نئے پورٹل پر دستیاب ہونگی۔ آرکائیوز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے اس اقدام کا مقصد ایسے افراد تک کتابیں پہنچانا ہیں جو یونیورسٹی یا لائبریری جانے سے قاصر ہیں اور فی الوقت گھروں میں بیٹھ کر پڑھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اگرچہ کئی کتابیں کاپی رائٹ کی وجہ سے محفوظ ہیں لیکن انہیں فیئر یوزیج کے نظریے کے تحت صارفین کیلئے مفت رکھا جا رہا ہے۔ لائبریری کی ویب سائٹ پر جاری کردہ سوالات کے جواب میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ صورتحال غیر معمولی ہے جس کیلئے کتب بینی کے شوقین افراد کو ایسی مدد درکار ہے جو انہیں ہم فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس پروجیکٹ کے تحت لوگوں کے ایک ہی وقت میں ایک کتاب رکھنے کی پابندی ختم ہو جائے گی، تاہم صارفین کیلئے سائن اِن کرنا اور اکائونٹ بنانا لازمی ہوگا۔