2018ء میں کورونا وائرس کا انکشاف کرنیوالی کورین ٹی وی سیریز کی برطانیہ میں مقبولیت

March 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) جنوبی کوریا میں 2018ء کے دوران معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر دکھائی جانے والی ڈرامہ سیریز ان دنوں برطانیہ میں بہت مقبول ہو رہی ہے، ڈرامہ میں خطرناک کورونا وائرس کے متعلق بتایا گیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جاسوس ڈرامہ سیریز ‘‘مائی سیکریٹ ٹیریئس‘‘ میں دکھایا گیا ہے کہ ایک جان لیوا وائرس ایسا ہے جس کی کوئی ویکسین نہیں ہے اور یہ 14؍ دن میں پھیپھڑوں پر حملہ کرکے انسان کو مار دیتا ہے۔ افسانوی ٹی وی سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ انسانی جسم میں داخل ہونے والا یہ وائرس اپنا اسٹرکچر تبدیل کر لیتا ہے اور 90؍ فیصد متاثرین کو ہلاک کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ جمعہ تک برطانیہ میں نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی یہ سیریز پانچ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز میں شامل ہو چکی تھی۔ جس منظر نے اس ڈرامہ کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرائی ہے وہ دسویں قسط کا آخری منظر ہے جس میں ایک خاتون ڈاکٹر کو وائرس کے متعلق انکشافات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر کہتی ہیں کہ ہمیں مزید تحقیق کرنا چاہئے لیکن یہ کورونا وائرس لگتا ہے جو ایک ہتھیار جیسا ہے، یہ ایک میوٹنٹ وائرس ہے اور کسی نے اس میں تبدیلی کرکے اسے جان لیوا بنا دیا ہے اور اب اس کے متاثرین کی 90؍ فیصد تعداد مر سکتی ہے۔