جنگ جیو گروپ نے ہمیشہ حق و سچ کی آواز بلند کی، خورشید میرانی

March 28, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی نے کہا ہے کہ جنگ جیو گروپ نے ہمیشہ حق و سچ کی آواز بلند کی، میر شکیل الرحمن کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گرفتار کیا گیا، حکومت اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے اور گورننس کو بہتر بنانے کے بجائے میڈیا کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے، ماضی میں بھی جابر حکمرانوں نے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی کوششیں کی گئیں مگر انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی، موجودہ حکمرانوں کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں خورشید میرانی کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنیوالوں نے پہلے عوام کو مہنگائی و بیروزگاری کی دلدل میں دھکیلا اور اب آزاد میڈیا کو کمزور کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ حکومت میڈیا کو کمزور کرنا چاہتی ہے، حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث میڈیا ہاؤسز پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہیں اور اب حکومت نیب کے ذریعے بڑے میڈیا گروپ کے سربراہ کو گرفتار کرکے میڈیا کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہے، میڈیا کی آزادی کسی صورت سلب نہیں ہونے دینگے اور آزادی اظہار رائے کے لئے صحافیوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔