وقار یونس کا اہلیہ ڈاکٹر فریال کو خراج تحسین

March 28, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر فریال کو کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقار یونس نے فریال کی ماسک اور کورونا سے بچاؤ کے لیے فراہم کیا گیا طبی یونیفارم پہنے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔

وقار یونس نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ فریال کو اسپتال جاتا دیکھ کر ڈر گیا تھا لیکن واپس آتا دیکھ کرسکون ہوا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ میری بیوی ہیرو ہے، وقار یونس نے اہلیہ کی حوصلہ افزائی کی اور مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر فریال فرض کی ادائیگی ایسے ہی نبھاتی رہو۔

وقار یونس کے ٹوئٹ پر بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی ردعمل دیا اور لکھا کہ بھابھی محبت ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فریال ان دنوں آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک اسپتال میں ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ ان کے شوہر وقار یونس نے پاکستان سے سڈنی پہنچ کر 14 دن کی از خود تنہائی اختیار کی ہوئی ہے۔