بینکاک میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ

March 28, 2020


بینکاک میں پھنسے پاکستانی مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے تھائی ائیر ویز کو اسلام آباد تک ایک فلائٹ آپریشن کی اجازت دینے کے باوجود ایئرلائن نے سو سے زائد پاکستانیوں کو بورڈنگ پاس دینے سے انکار کردیا ہے۔

مسافروں کے مطابق گزشتہ روز حکومت پاکستان کے اعلان کے بعد رابطہ کرکے ایئر لائن نے بھاری رقوم کے عوض ان کے ٹکٹ تبدیل کروائے اور آج جب وہ بینکاک ائیرپورٹ پہنچے تو عملے نے حکومت پاکستان کی اجازت نہ ہونے کا کہہ کر انہیں بورڈنگ پاس دینے سے انکار کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق یہ خصوصی پرواز جس میں 175 مسافر ہوں گے 28 مارچ 2020 کی رات 2210 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے گی۔

ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کے مطابق انہوں نے کئی بار کورونا وائرس نہ ہونے کے سرٹیفیکٹ بنوائے ہیں۔

ان کے پاس اب تازہ سرٹیفیکٹ بھی موجود ہیں مگر خواتین اور بچوں سمیت ان ایک سو مسافروں کو ایک بار پھر مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔