لیجنڈری اعظم خان کے انتقال پر پی سی بی کا اظہار افسوس

March 28, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیجنڈری اسکواش پلیئر اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ چار مرتبہ کے برٹش اوپن چیمپین اعظم خان کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔

ترجمان پی سی بی نے اعظم خان کے انتقال پر اُن کے خاندان اور دوستوں سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ اسکواش لیجنڈ اعظم خان 95 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے۔ گزشتہ ہفتے ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اعظم خان لیجنڈ جہانگیر خان کے والد روشن خان کے سیکنڈ کزن تھے۔ پشاور کے علاقے نواکلی سے تعلق رکھنے والے اعظم خان نے 1959 سے 1962 کے دوران چار بار برٹش اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔