چین 12ہزار کٹس، 3 لاکھ ماسک، 10ہزار حفاظتی سوٹ دے چکا، دفتر خارجہ

March 29, 2020

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چینی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان بھیج رہی ہے۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ وزیر خارجہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس مشکل وقت میں مدد کے لئے چینی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ چین کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے،چین اب تک کی امداد میں 12ہزار ٹیسٹ کٹس ، 3 لاکھ ماسک ، 10ہزارحفاظتی سوٹ دے چکا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ چینی حکومت نے 4 ملین امریکی ڈالر کورونا وائرس کے لیے الگ اسپتال بنانے کے لئے بھی دئیے ہیں،سنکیانگ حکومت نے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کو بھی 50ہزار ماسک فراہم کیے ہیں،چین سے نجی ذرائع سے ڈونیشن کی رقم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ علی بابا فاؤنڈیشن اور جیک ما فاؤنڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹ کٹس اور 5 لاکھ ماسک عطیہ کیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ چین نے خنجراب پاس کے ذریعے 67ملین روپے کے دو ٹن ماسک ، ٹیسٹ کٹس ، وینٹی لیٹر ، طبی حفاظتی لباس بھی مہیا کیے۔