لاک ڈاؤن، پاکستانی کھلاڑیوں کی دلچسپ سرگرمیاں

March 29, 2020

قرنطینہ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی دلچسپ سرگرمیاں

کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے پیش نظر پاکستانی کرکٹرز بابراعظم، سرفرازاحمد، جنید خان، نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑی دلچسپ سرگرمیوں میں مصروف ہیں جس کی ویڈیوز اُنہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم نے جس تیزی سے عالمی وبا کی شکل اختیار کرلی ہے اس نے عالمی دنیا کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

اس جان لیوا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا جا رہا ہے وہیں پاکستان سمیت کئی ممالک لاک ڈاؤن ہیں۔

لاک ڈاؤن کی ایسی ہی صورتحال میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی گھروں میں تنہائی اختیار کرلی ہے اور قرنطینہ میں جانے کے بعد دلچسپ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پاکستانی کرکٹر سرفراز احمد اپنے بیٹے کے ساتھ گھر پر کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب جنید خان اپنے شہزادے کے بال کاٹ رہے ہیں جبکہ بلال آصف گھر پر ہی کرکٹ کھیل کر وقت گزار رہے ہیں جبکہ اظہر علی کی بچی کے ساتھ بے بی شارک پر ڈانس اور بچوں کے ساتھ ورزش کرنے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب وہاب ریاض کے دیئے گئے فٹنس چیلنج میں اظہر علی کے بعد عمّاد وسیم و دیگر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور گھر پر ورک آؤٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں جبکہ نسیم شاہ نے قرنطینہ میں خود کو مصروف رکھنے کے لیے کھانا پکانا شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے 199ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس میں 27 ہزار 367 اموات اور 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 3 سو 63 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔