سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، بلاول بھٹو

March 29, 2020

سندھ میں کورونا وائرس کے حوالے سے نافذ لاک ڈائون کی صورتحال کے باعث بیروزگار ہونے والے یومیہ اجرت والوں کی امداد کے لیے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔

جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سید ناصرحسین شاہ، امتیاز شیخ اور وزیراعلیٰ کےمشیر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے سعید غنی اور حارث گزدر نے شرکت کی۔

ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق پارٹی قیادت اور سندھ کے رہنمائوں نے امدادی سرگرمیوں سے متعلق طویل مشاورت کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہے، سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، مستحق افراد کی امداد سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے مشاورت کرکے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن طویل ہونے کی صورت میں مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہئیے، عوام لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کریں۔