عباسی اسپتال، زہرخورانی سے ہلاکت، کورونا وائرس سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری

March 30, 2020

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) عباسی شہید اسپتال کی انتظامیہ نے کورونا وائرس جیسی عالمگیر وباء کو مذاق بنا دیا، اسپتال میں داخل مریض کا پہلے کورونا پھر فوڈ پوائزننگ سے موت کے دو ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیے گئے، فاروق حسین نامی شخص کو فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے اہل خانہ 27 مارچ کو عباسی شہید اسپتال لے کر پہنچے تھے،ڈاکٹروں نے حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے فاروق کو آئی سی یو میں داخل کرلیا اور فاروق حسین کا اتوار کی دوپہر انتقال ہوگیا، اسپتال انتظامیہ نے فاروق حسین کی کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کے طور پر ہلاکت کا سرٹیفکیٹ جاری کردی،سرٹیفکیٹ دیکھ کر اہل خانہ مشتعل ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا مریض تھا تو اسے حفاظتی انتظامات کے تحت متعلقہ اسپتال کیوں منتقل نہیں کیا گیا،احتجاج کرنے پر ڈاکٹر نے فاروق حسین کی موت کا سرٹیفکیٹ تبدیل کر دیا،رابطہ کرنے پر کے ایم سی کی ہیلتھ سروسز کی سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کہا کہ فاروق حسین کی موت کورونا وائرس سے نہیں بلکہ فوڈ پوائزننگ سے ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مریض کا کورونا وائرس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ کیسے بن گیا اس بارے میں وہ چھان بین کریں گی۔