ہاشو گروپ مشکل وقت میں اپنے ملازمین کیساتھ ہے، حسیب گردیزی

March 30, 2020

کراچی (جنگ نیوز) اس مشکل وقت میں ہاشو گروپ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ خطرات کو کم کر کے اور ملازمین کی حفاظت کو مدنظر رکھ کر اس آفت سے نمٹا جائے اور کاروبار کو جاری رکھنے کے پلان کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ کورونا وائرس کے باعث دُنیا بھر میں کاروبار کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ خاص طور پر ہوٹلز انڈسٹری اس معاشی بحران سے بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان حالات میں جب احتیاطی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، ہم نے انسانی تحفظ کے لیے حکومتی احکامات کی روشنی میں اپنے ہوٹلز بند کرنے اور تمام غیرضروری منصوبوں کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہاشو گروپ ہاسپیٹیلٹی ڈویژن کے چیف آپریٹنگ آفیسر حسیب گردیزی نے کہا کہ ہاشو فاؤنڈیشن مشکلات کا سامنا کرنے والے ضرورت مند افراد کی عملی امداد کر رہا ہے۔ کورونا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کے دوران، ہم نے اپنے فلاحی پروگرام کےذریعے ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے جسکے تحت دور دراز علاقوں میں ہینڈ سینیٹائزر، صابن اور چہرے کے ماسک تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ہاشو فاؤنڈیشن عوام کو حفظان صحت اور کورونا وائرس سے روک تھام کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ بھی کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہاشو فاؤنڈیشن کے خواتین کی ترقّی کے پروگرام ’’ہاشو ہنر‘‘ کے تحت خواتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ماسک سلائی کرنے کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ہوٹل ون کی متعدد پراپرٹیز کو سرکاری قرنطینہ سنٹرز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں حسیب گردیزی نے ملازمین اور اسٹاف کو برطرف کیے جانے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور اسٹاف کو یقین دلایا کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ملک کے سب سے بڑے اور معتبر ہوٹلنگ چین ہونے کی حیثیت سے ہاشو گروپ ہمیشہ اپنے ملازمین کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرے گا۔ موجودہ حالات کے پیش نظر ہاشو گروپ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ رواں ماہ میں کمپنی ملازمین کی تنخواہیں معمول کے مطابق دی جائیں گی اور لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی احکامات کی روشنی میں ادائیگیاں جاری رہیں گی۔ کارپوریٹ آفس کی سینئر ایگزیکٹو ٹیم نے ضرورت کی اس گھڑی میں کاروبار میں مدد کے لیے اپنی تنخواہ میں کٹوتی کا رضاکارانہ تعاون کیاہے۔