ایس پی راول ڈویژن کا ڈھوک کشمیریاں مجسٹریٹ کالونی اور ڈھوک پراچہ کا دورہ

March 30, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس کے احکامات پر ایس پی راول ڈویژن رائے مظہر اقبال نے کورونا وائرس کی وجہ سے سیل کئے گئے تھانہ صادق آباد کے علاقوں ڈھوک کشمیریاں، مجسٹریٹ کالونی اور ڈھوک پراچہ کا دورہ کیا اور پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس پی نے ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کو چیک کیا اور انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے اخلاق سے پیش آئیں اور شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کی ہدایت کی جائے۔ صادق آباد کی سیل شدہ گلیوں میں ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و ملازمان کو پرسنل پروٹیکشن کٹ فراہم کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر ایس پی راول کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے فرنٹ لائن فورس ہیں، انکی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایس پی نے کہا کہ ڈبل سواری اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندیوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ شہری پابندیوں پر عمل کریں اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ رائے مظہر اقبال نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، پابندیوں پر عملدرآمد وسیع تر قومی مفاد میں ضروری ہے۔