پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ سرگرمیاں مزید ہفتے بھر کیلئے منسوخ

March 30, 2020

اسلام آباد (خبر نگار) کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سرگرمیوں کی منسوخی کی تاریخ میں ہفتے بھر کی توسیع کر دی گئی ہے۔ پارٹی کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں سرگرمیوں کی منسوخی کا اعلان چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی منظوری سے کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ریجنل ذمہ داران نہایت محتاط طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے سماجی بہبود کے کاموں کو جاری رکھیں گے ۔ نائب صدر تحریک انصاف زاہد حسین کاظمی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر مرکزی سیکرٹریٹ میں سرگرمیوں کی منسوخی کے فیصلے میں ہفتہ بھر کی توسیع کی گئی ہے۔ مرکزی قیادت کے فیصلے کے مطابق مرکزی سیکرٹریٹ 7اپریل تک بند رہے گا۔ ملک بھر میں کارکنان اپنے اور اہل خانہ کی سلامتی ہی یقینی نہ بنائیں بلکہ سماج میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔ خود کو سختی سے گھروں تک محدود رکھ کر اور میل جول مکمل طور پر معطل کرکے اس موذی وباءکی پیش قدمی روکنا ہوگی۔ زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ وزیراعظم کرونا کے خلاف قومی کاوشوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کررہے ہیں۔ صبر و استقامت اور ہوشمندی اپنا کر بحیثیت قوم اس امتحان میں کامیابی سے سرخرو ہوں گے۔