قومی اداروں میں وینٹی لیٹرز و دیگر آلات بنانے کی صلاحیت موجود ہے، فائق شاہ

March 30, 2020

پشاور(نیوز ڈیسک)امن ترقی پارٹی نے موجودہ وبائی صورت حال میں قومی اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاشی اور دفاعی سپر پاور بننے کے لئے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر وینٹی لیٹرز اور صحت عامہ کے دیگر ضروری آلات خود تیار کریں۔ چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اپنی آٹو موبائل کمپنیوں کو وینٹی لیٹرز تیار کرنے کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور اس کے تحت چلنے والے ٹیکنیکل ادارے اور انجینئرز بے مثال صلاحیتوں اور فوری انتظامات کے مالک ہیں ان حالات میں خصوصی طور پر اپنی قوت پر انحصار بڑھانے کے لیے وینٹی لیٹرز اور دیگر مشینری تیار کی جائے آرڈیننس فیکٹریز واہ اور دیگر ادارے اس میں اھم کردار ادا کر سکتے ہیں اس ھنگامی صورتحال میں چین کی مدد سے اور اپنی صلاحیتوں سے بے شمار چیزیں بنائی جا سکتی ہیں۔ محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی کا منشور ہے کہ پاکستان عظیم اسلامی جمہوری اور فلاحی مملکت کے ساتھ معاشی، سائنسی اور دفاعی سپر پاور بنے، ہمارے اداروں میں یہ صلاحیت اور سر زمین میں وسائل موجود ہیں کہ ہم سپر پاور کا خواب شرمندہ تعبیر کریں۔