اٹلی، پاکستانی کمیونٹی کی خطیر رقم کی امداد

March 30, 2020

اٹلی میںمقیم پاکستانی کمیونٹی نے کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خطیر رقم امداد میں دے دی ۔

کارپی میں پاکستانی کمیونٹی نے کورونا وائرس ایمرجنسی کے دوران اٹلی کی حکومت کو عطیہ کیا۔

کارپی کے میئر البرٹو بیلیلی نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ’حقیقی دوست‘ قرار دیا۔

اپنی ایک فیس بُک پوسٹ کے ذریعے البرٹو نے بتایا کہ کارپی اور اس کے آس پاس پاکستانی رہائیشیوں نے مالی تعاون کر کے بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے نانا کی ایک بات نقل کرتے ہوئے کہا کہ ’ضرورت کے وقت حقیقی دوست کا پتہ چلتا ہے۔‘

انہوں نے عطیہ کرنے والے تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں آپ سب جس دوستی کا اظہار کر رہے ہیں اس کے بے حد ممنون ہیں۔‘


اپنی پوسٹ میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھیجا گیا خط بھی تحریر کیا جس میں مالی تعاون کرنے والے افراد نے اٹلی کی حکومت سے اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کیا اور کورونا سے موت کے منہ میں جانے والوں کے لیے اظہار تعزیت بھی کیا۔

خط میں لکھا گیا کہ مشکل وقت میں اٹلی بڑے حوصلے اور وقار کے ساتھ گزار رہا ہے، خط کے آخر میں عظیم مفکر علامہ اقبال کا قول بھی لکھا گیا۔

اٹلی میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو سراہنے کے لیے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سید زلفی بخاری نے ایک ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ جس طرح کورونا وائرس کی کوئی سرحد نہیں اسی طرح اس مشکل گھڑی میں امداد کی بھی کوئی سرحد نہیں۔