بھارت، کورونا کا خوف،مسلم پڑوسیوں نے ہندو کی آخری رسومات ادا کردیں

March 30, 2020


بھارت میں کینسرکی وجہ سے ہلاک ہونے والے ہندو شخص کی آخری رسومات اُس کے رشتے داروں کے بجائے مسلمان پڑوسیوں نے ادا کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کورونا وائرس کے پیش نظر پوری دنیا کی طرح بھارت میں لاک ڈاؤن جاری ہے، مودی سرکار نے بھارت میں صورتحال کو سنبھالنے کے لیے 21 دن کا لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے ایسے میں تمام لوگ گھروں تک ہی محدود ہوگئے ہیں اور کورونا کے خوف کی وجہ سے باہر نکلنے سے ڈر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست اُتر پردیش کے ’بلند شہر‘ کے علاقے آنندوبار میں رویشنکر نامی ہندو چل بسا۔

جب رویشنکر کے بیٹے نے رشتہ داروں کو والد کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے آنے کا کہا تو سب نے کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے اُس کے گھر آنے سے منع کردیا۔

ایسے میں آخری رسومات ادا کرنے کی ہامی اُس کے مسلمان پڑوسیوں نے بھری اور اِس طرح رویشنکر کے مرنے کے بعد اُس کی آخری رسومات میں اُس کے رشتہ داروں کے بجائے مسلمان پڑوسیوں نےشرکت کرکے مثال قائم کردی۔