مذہبی رہنما تبلیغی جماعتوں کو سفر سے روکیں، شرجیل میمن

March 30, 2020

سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا کے پیش نظر مذہبی علماء اور رہنماؤں سے التماس ہے کہ تبلیغی جماعتوں کو سفر کرنے سے روکیں۔

پی پی رہنما شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تبلیغی جماعتوں کے رہنماؤں اور علماء کرام سے اپیل ہے کہ قافلوں کو مختلف شہروں میں جانے سے کچھ وقت کے لیے روکیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے افراد بڑی تعداد میں سفر کرتے ہیں اور مساجد میں رہتےہیں، تبلیغی جماعت کے متعدد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق سکھر کے تبلیغی مرکز میں 442 افراد کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے، تبلیغی مرکز میں 374 ملکی اور 68 غیر ملکی افراد موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق تبلیغی مرکز کو عام لوگوں کے لیے مکمل بند کردیا گیا ہے، ٹیسٹ رپورٹ آنے تک تمام افراد آئسولیشن میں رہیں گے جبکہ حکومتی احکامات پر مرکز کے کچھ حصے کو آئسولیشن یونٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

امیر تبلیغی مرکز کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں روانہ کیے گئے قافلوں کو بھی واپس بلالیا گیا ہے۔