کورونا وائرس: ماسکو میں آج سے لاک ڈاؤن شروع

March 30, 2020

کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے روس کے دارالحکومت ماسکو میں آج سے لاک ڈاؤن شروع کردیا گیا،آسٹریلیا میں کسی بھی جگہ پر دو سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی،جاپان نے امریکا،جنوبی کوریا، چین اور یورپی ملکوں سے آنے والوں پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

ماسکو میں لاک ڈاؤن کے باعث دکانیں،ریسٹورنٹس اور کیفے بند ہیں،روس میں کورونا وائرس کے 1534 کیسز اور 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، ماسکو میں ہی کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔

ارجنٹینا نے ملک بھر میں نافذ قرنطینہ کی صورتحال اپریل کے وسط تک بڑھادی ہے۔ نیپال میں لاک ڈاؤن میں 7 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی پروازیں بھی 15 اپریل تک بند رہیں گی، نیپال میں کورونا وائرس کے صرف پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔