فٹبال کے فروغ کیلئے ورلڈ گروپ کا خواتین مقابلوں کا انعقاد

March 31, 2020

پاکستانی فٹ بال میں ہیجان پیدا کرنے اور اس کو مختصر فارمیٹ میں عالمی سطح پر روشناس کرانے والے ورلڈ گروپ کی جانب سے ملک بھر میں نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی اور اس کے فروغ کا کام جاری رہے۔ پاکستانی فٹ بال میں2015ء میں جو بھونچال آیااور اس کے نتیجے میں برسوں ایک ساتھ کام کرنے والے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے عہدیدار اور ذمہ دارایک دوسرے کے دست و گریبان تک پہنچ گئے اور پھر یہ سلسلہ ایسا بڑھا کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کو پاکستانی فٹ بال معاملات میں مداخلت کرنا پڑا اور نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کرکے تمام معاملات حل کرکے نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا ۔ اس سارے عمل نے پاکستانی فٹ بال کو جس قدر نقصان پہنچایااس کا اندازہ فٹ بال سے محبت کرنے والا اور اسے کھیل سے جڑا ہر شخص بآسانی کرسکتا ہے۔ایسی صورتحال میں جب پاکستانی فٹ بال تباہی کا شکار ہورہی تھی ورلڈ گروپ نے شارٹ فارم کی فٹ بال کو مترادف کرایا اور کھلاڑیوں کو روزگار کے نئے ذرائع مہیا کئے۔

بلاشبہ ورلڈ گروپ نے لیژر لیگس فٹ بال کے نام سے کامیاب سلسلہ شروع کیا جس میں سینئر،جونیئرزاور خواتین فٹ بالر عالمی سطح پر دنیا کے سب سے بڑے کھیل میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ لیژر لیگس کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ اب ہر عالمی اور قومی ایونٹ کے موقع پر مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان مقابلوں میں عالمی خواتین ڈے کے موقع پر بھی لیژر لیگس نے خواتین کے ایونٹ کا انعقاد کیاجس میں آغا خان ویمن ایف سی نےویمن ڈے فٹ بال کا ٹائٹل حاصل کیا- مہناز شاہ کوعمدہ کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ڈریم ورلڈ ریزورٹ میں منعقد کیے گئے ایونٹ میں 8ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں 4,4کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا۔

گروپ ’اے‘ میں دیا ایف سی گرین، آر کے گرین، جی ایف اے، آغا خان گرلز فٹبال اکیڈمی، گروپ ’بی‘ آغا خان ویمن ایف سی،، دیا ایف سی وائٹ، او جی ایف سی، سن رائز ایف سی شامل تھیں۔گروپ ’اے‘ سے آغا خان گرلز فٹبال اکیڈمی اور گروپ ’بی‘ سے آغا خان ویمن ایف سی نے بحیثیت گروپ لیڈر فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کی۔ جہاں آغا خان ویمن ایف سی نے مہناز شاہ اور علیزہ کے ایک ایک گول کی بدولت 1-2گول سے فتح حاصل کی۔فائنل کے موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈریم ورلڈ عرفان،ایگزیکٹیوڈائریکٹرعبدالجبار راٹھور،طلحہ جعفری،مارکیٹنگ منیجر،فرازالہدی، جی ایم مارکیٹنگ، توصیف ، ڈائریکٹر ورلڈ گروپ کرنل ندیم قاضی، سید فردوس آفاق،پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ایمان انور، رمین شمیم، جوریہ رؤف اور کائنات امتیاز، لیثرلیگزکے سید شہروز رضوی،ریاض احمد، آصف معراج،حماد قاضی،وقاص اور ارباز اور دیگربھی موجود تھے۔خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ویز کیمپس برانچ میں روٹس میلینیم ایجوکیشن کے تعاون سے لیثر لیگز نے اسلام آباد میں بھی گرلز کے نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا۔

ان ایونٹس کے مواقعوں پر خواتین کی معاشرہ میں اہمیت پر زور دیا گیا ۔خصوصاً کھیلوں میں خواتین کی کارکردگی اور لیژر لیگس کی جانب سے انہیں فراہم کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ورلڈ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر منیر ٹرنک والا نے کہا ہے کہ ہم پاکستان بھر میں خواتین کو فٹ بال کھیلنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں اس کیلئے مسلسل ایونٹس کا انعقاد ہورہا ہے۔ اس سے قبل ہم نے گلگت بلتستان کے سرد موسم میں لیژر لیگز چپرسن ویمن فٹ بال کپ 2020ء کا کامیاب انعقاد کیا جہاں کھیلوں سے محبت کرنے والے افراد نے منفی 15ڈگری سنٹی گریڈ میں برف سے بھرے گراؤنڈ کو صاف کرکے کھیل کے قابل بنایا اور ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں 10مقامی ٹیموں نے حصہ لیا۔

ایونٹ کےانعقاد سے گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقے چپرسن کی برف پوش پہاڑیوں کے درمیان سخت سرد موسم میں مقامی افراد کو فٹبال کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا اور اس موقع پر وہاں کے لوگوں نے لیژر لیگز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے توقع کا اظہار کیا کہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا رہے گا۔منیر ٹرنک والا نے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین فٹ بال کے فروغ کیلئے بھی ہم اپنا کام بھرپور طریقے سے کررہے ہیں اور مستقبل میں پاکستان کی خواتین عالمی مقابلوں میں شرکت کرتی نظر آئیں گی۔