پورٹ پر پھنسے کنٹینرز اور کنسائمنٹس پر ڈیمرج معاف

March 31, 2020

کورونا وائرس سے پریشان درآمدکندگان کا ایک بڑا مسئلہ حل ہو گیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پورٹ پر کلیئرنس نہ ہونے سے پھنسے ہوئے کنٹینرز اور دیگر کنسائمنٹس پر ڈیمرج معاف کر دیا ہے۔

جبکہ تاخیر سے گڈز ڈیکلریشن فائل کرنے پر کسٹمز نے جرمانے کی مدت میں بھی 15روز کا اضافہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں ایف بی آر نے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ بات ایف پی سی سی آئی ہیلپ ڈیسک کے انچارج نائب صدر خرم اعجاز نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی، انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

ایک جانب ہماری ایکسپورٹ یورپ اور امریکا کے برآمدی آڈرز منسوخ ہو نے سے متاثر ہو رہی ہے اور ملکی معشیت کو اربوں کا نقصان ہونے جا رہا ہے تو دوسری جانب صنعتوں کی بندش ہے، پورٹس پر برآمدات بند ہونے سے پورٹ ڈیمرج کی مد میں صنعتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ایسے حالات میں ایف بی آر حکام اور خاص طور پر ممبر کسٹمز سے ہونے والی طویل مشاورت کے بعد کئی مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس پر کاروباری برادری ان کی مشکور ہے۔

ممبر کسٹمز نے منگل کو کورونا وائرس کی وجہ سے ڈیمرج کی مدت میں 15 روز کی توسیع کر دی ہے، اس سلسلے میں انہوں نے ملک کے تمام کلکٹر کسٹمز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

معمول کے حالات میں پورٹ پر پڑے سامان یا کنٹینرز پر 5 دن کے بعد ڈیمرج ادا کرنا پڑتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے مال پورٹس سے باہر نہیں جارہا تھا، اور درآمدکند گان کو بھاری جرمانہ ہو رہا تھا لیکن اب یہ مدت 5 دن کے بعد مزید 15 دن تک بڑھا دی گئی ہے۔

اسی طرح ایف بی آر نے درآمدات کے لئے گڈز ڈیکلیریشن کی مدت بھی 15 روز کے اضافے سے بڑھا کر کر 25 دن کر دی ہے، یہ فیصلہ بھی ملک میں کوروناوائرس کے باعث پید ا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

اب درآمدکنندگان و کلیئرنگ ایجنٹس کو تاخیر سے گڈز ڈیکلریشن فائل کرنے پر کسی قسم کا جرمانہ ادا نہیں کرناپڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے درآمدکنندگان و کلیئرنگ ایجنٹس کو درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لئے گڈز ڈیکلریشن کسٹمز ایکٹ کے تحت مقرر کی جانے والی مدت میں فائل کرنے میں شدید مشکلات پیش آرہی تھیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان و کلیرنگ ایجنٹس پر جرمانے عائد کئے جارہے تھے۔

تاہم کوروناوائرس کی وجہ سے پید اہونے والے حالات کے پیش نظر ایف بی آر کی جانب سے ملک بھر کے تمام کلکٹریٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 17 مارچ 2020 تا 7 اپریل 2020 کے دوران آنے والے کنسائمنٹس کی گڈز ڈیکلریشن فائل کرنے کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔

اب درآمدکنندگان و کلیئرنس ایجنٹس 10دن کے بجائے 25 دن تک کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لئے گڈز ڈیکلریشن فائل کرسکیں گے، یہ حکومت کا خوش آئند فیصلہ ہے۔