ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی، وزیراعظم

March 31, 2020

ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی، کسی قسم کی تفریق یا امتیازی سلوک کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میںنیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کاجائزہ لیا گیا، صنعتی عمل رواں رکھنے کے اقدامات پر غور کیا گیا، حکومتی اقتصادی پیکیج، بنیادی اشیاء کی رسد و ترسیل اور زرعی شعبے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی معاملے پر کوئی غلط فہمی یا ابہام کی صورتحال نہ پیدا ہو، ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی قسم کی تفریق یا امتیازی سلوک کی شکایت برداشت نہیں جائے گی۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین نے بتایا کہ ایک لاکھ 92 ہزار ٹیسٹ کٹس کل پاکستان پہنچ جائیں گی، اس وقت ملک میں 20 لیبارٹریز مکمل فعال ہیں۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری و نجی اسپتالوں کو پابند کیا جائے گا کہ کورونا کیسز کے لیے بیڈز کی مخصوص شرح اور سہولیات مختص کی جائیں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ، روک تھام سے متعلق دیگر ممالک کے تجربات کا بھی بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے کورونا مریضوں، اسپتالوں میں سہولیات، ٹیسٹنگ کٹس، وینٹی لیٹرز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل منظم کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عوام الناس کو ہر پہلو سے مکمل طور پر باخبر رکھا جائے، کسی بھی معاملے پر کوئی غلط فہمی یا ابہام کی صورتحال نہ پیدا ہو۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سیاسی قیادت، رضاکاروں کے مربوط نیٹ ورک کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

وزیرِاقتصادی امور حماد اظہر نے ضروری صنعتوں کی روانی یقینی بنانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔