شہباز شریف کے کورونا حفاظتی اقدامات پر اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے

March 31, 2020

شہباز شریف کے کورونا حفاظتی اقدامات پر اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات میں تیزی کےلیے سرگرم ہوگئے۔

شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بعد اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی قیادت سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو سے گفتگو کی۔

دوران گفتگو اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کی اعلان کردہ ٹائیگر فورس کی تشکیل کو مسترد کردیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قوم کی جان بچانی ہے، کورونا وائرس کے حوالے سے قومی حکمت عملی کی تشکیل بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟ اس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر حکومتی حکمت عملی وضع کی جائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کےحوالے سے قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لیے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔

اعلامیے کے مطابق فوج، رینجرز اور پولیس کی موجودگی میں کورونا ٹائیگر فورس کی تشکیل سیاسی مقاصد کےلیے کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ ٹائیگر فورس پر پیسہ اور وقت ضائع کرنے کے بجائے لوکل گورنمنٹ فوری بحال کی جائے، کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔