نواب شاہ: محکمہ صحت کی ٹیم کا دورہ ، 235قیدیوں کا کورونا ٹیسٹ

April 01, 2020

نواب شاہ( بیورورپورٹ) محکمہ صحت کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کرکے 235قیدیوں میں کورونا وائرس ٹیسٹ کیا۔ تاہم کسی بھی قیدی میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر معین شیخ نے جنگ کو بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیم نے جیل عملے اور قیدیوں کو کوروناوائرس سے بچاو کے لئے سماجی دوری اختیار کرنے،باربارصابن سے ہاتھ دھونے اور دیگر احتیاطی تدابیر کے متعلق آگاہی دی جبکہ جیل کا میڈیکل عملہ بھی قیدیوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کے لئے کام کررہا ہے اس کے علاوہ جیل اور رہائشی علاقوں میں جراثیم کش اسپرےبھی کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی جانب سے 60 میل روڈ پر قائم عثمانیہ مسجد تبلیغی مرکز کو قرنطینہ سینٹر قرار دینے کے بعد ڈی ایچ او ڈاکٹر معین الدین شیخ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے تبلیغی مرکز کا دورہ کرکے مرکز میں موجود 249 افراد کا معائنہ کیا اور انہیں کوروناوائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے متعلق آگاہی بھی دی جبکہ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں موجود چودہ غیر ملکیوں سمیت دیگر افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے نمونے کراچی بھجوائے گئے ہیں اس کی رپورٹ جلد متوقع ہےدوسری جانب محکمہ صحت سکرنڈ کی ٹیم نے گاوں پیر ذاکری میں قرنطینہ سینٹر سکھر سے آنے والے 15 افراد اور جمال شاہ میں تبلیغی مرکز لاہور سے آنے والے ایک شخص کا معائنہ کرکے انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی دی جبکہ تعلقہ قاضی احمد کی ہیلتھ ٹیم نے گاوں سومر چانڈیو میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کے گھر کا دورہ کرکےانہیں اپنے گھر میں آئسولیشن میں رہنے اور دیگر فیملی ممبران کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے متعلق آگاہی دی۔