محکمہ ر یو نیو :راشن کی تقسیم کیلئے تحصیل روہڑی کی یونین کونسلوں کاسروے

April 01, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران بیروزگار ہونیوالے محنت کشوں کو گھروں تک راشن پہنچانے کے لئے سروے کا آغاز کردیا گیا۔ ضلع سکھر کے نواحی علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر سروے کیا جارہا ہے، محکمہ ر یو نیوکی جانب سے تحصیل روہڑی کی یوسی علی واہن، کوٹری، پہنوار، اروڑ، اخلاص علی شاہ و دیگر علاقوں میں سروے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ یوسی چےئرمینوں کی جانب سے ر یو نیوافسران و اہلکاروں کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود ضرورتمند لوگوں کی فہرستیں فراہم کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں یوسی کوٹری کے چیئرمین سردار طارق خان، یوسی پہنوار کے جیون خان جاگیرانی و دیگر نے بتایا کہ ہر یوسی کی آبادی 15سے 25ہزار افراد پر مشتمل ہے، حکومت کی جانب سے صرف چند سو افراد کے لئے راشن دینا اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، لوگوں کے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہوگئی ہے اور لوگوں نے ہمارے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ و دیگر حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر ہر یوسی میں کم از کم ایک ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن دینے کے انتظامات کئے جائیں۔