راشن کے تھیلے پہنچانے کے احکامات ،سیاستدان اور افسران تقسیم کر ینگے

April 01, 2020

گولارچی ( نامہ نگار) گولارچی میں انتظامیہ نے نام کمانے کا انوکھا طریقہ ایجاد کر ڈالا تاجروں، مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کو راشن کے تھیلے پہنچانے کے احکامات دیدئیے ,مبینہ بھتے کے طور وصول کئے جانے والے راشن کے یہ تھیلے سیاستدانوں اور افسران کے ہاتھوں غربا میں تقسیم کرائے جائیں گے ، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر گولارچی ذوالفقار نظامانی نے تاجروں، سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات کا ایک اجلاس اپنے دفتر میں طلب کیا، اجلاس میں شر کتکرنے والے افراد کی اکثریت وہ تھی جو لاک ڈائون کے دوران مزدور، محنت کش اور غریب افراد میں اپنے طورپر راشن اور امدادی اشیاء تقسیم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے بعض افراد نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر گولارچی نے انہیں کہا ہے کہ اب انتظامیہ مستحقین کی فہرست بنائے گی اور آپ راشن کے تھیلے انہیں پہنچائیں تاکہ وہ نامور سیاستدانوں اور افسران کے ہاتھوں انہیں اپنے طور مستحقین میں تقسیم کراسکیں دوسری جانب اطلاعات یہ ہیں کہ لاک ڈائون کے دوران نامور سیاستدانوں کو امداد کی عدم تقسیم اور عوام کی خبر گیری نہ کرنے کے حوالے سے خاصی تنقید کا سامنا ہے ان سیاستدانوں میں کروڑوں پتی شخصیات بھی شامل ہیں اور اس تنقید کا سا منا کر نے کے لئے یہ منصوبہ بندی کی گئی ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے بعض افراد انتہائی مایوس تھے جن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور سیاستدان خود کچھ کریں یا نہ کریں ان سے انہیں کوئی سروکار نہیں مگر انہیں اس طرح دبائو میں لاکر کام سے روکنا ظلم ہے اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران الحسن خواجہ نے بتایا کہ اس قسم کی کوئی پالیسی نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو زبردستی کسی سے امداد کے نام پر کچھ لینے دیا جائے گا۔