کچے کے جنگلات میں آپر یشن: 2مغوی بازیاب، ایک ڈاکو گرفتار

April 01, 2020

سکھر (بیورو رپوٹ) کچے کے جنگلات میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 2مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا، 5 ڈاکو فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا شاہ کے مطابق ڈاکوؤں نے چند روز قبل ایک آئل ٹینکر کے ڈرائیور اور کلینر کو اغوا کرلیا تھا اور کچے کے جنگلات میں لے گئے تھے جس کے بعد کشمور پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے لئے متعدد کاروائیاں کیں اور ڈاکووں سے مقابلہ جاری رہا۔ کشمور پولیس کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کے لئے کچے کے جنگلات کا گھیراؤ کیا گیا، اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی اور 5 روز قبل اغواء کئے گئے دونوں مغویوں زوہیب اور فردوس پٹھان کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ موقع سے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں،گرفتار زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔