کورونا وباسے نجات کیلئے تمام مسلمان لیڈر اللہ سے معافی مانگیں، چوہدری شجاعت

April 01, 2020

کورونا وبا سے نجات کیلئے تمام مسلمان لیڈر اللہ سے معافی مانگیں، چوہدری شجاعت

لاہور(نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کورونا آفت سے نجات کے لئے وزیراعظم اور امت مسلمہ کے تمام لیڈروں کو خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ پر جا کر اللہ سے معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا ہے۔چوہدری شجاعت حسین کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کے تمام لیڈروں کو خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺ لے کر جائیں۔ سب حکمران گڑگڑا کر معافی مانگیں تو امید ہے سب کی دعا قبول ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک اللہ تعالیٰ اور نبی پاک ﷺ کی محبت قریب نہیں ہوگی، اس وقت تک کوئی کام نہیں ہوگا۔ ایٹم بم اور میزائلوں سے دنیا فتح کرنے والوں کو معلوم نہیں کہ اصل منصوبہ ساز کوئی اور ہے۔لیگی سربراہ نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے منصوبہ سازوں کی پلاننگ اللہ تعالیٰ کی پلاننگ کے سامنے کچھ نہیں ہے۔ کورونا کی آفت ثابت کرتی ہے کہ اللہ تعالی ناراض ہے، جسے آنسوؤں میں تر معافی سے منانا ہوگا۔