اگلے 2 ہفتے انتہا سے زیادہ درد ناک ہوں گے، امریکی صدر

April 01, 2020


امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا کے سبب اگلے دو ہفتے انتہا سے زیادہ درد ناک ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ میں ٹرمپ نے کہا کہ نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکا میں اس طرح کی اموات ناقابل یقین ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کورونا سے ڈھائی لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاوچی نے تصدیق کی کہ ملک کو کم سے کم ایک لاکھ اموات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

امریکا میں گزشتہ روز کورونا بیماری سے 741 افراد ہلاک ہوئے جس سے مجموعی تعداد تین ہزار 882 ہو گئی ہے، جبکہ ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں۔

کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے پاکستانی امریکن روحیل خان نیویارک میں انتقال کرگئے۔ نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کے ٹی وی میزبان بھائی کرس کومو بھی بیماروں میں شامل ہیں جبکہ ہیوسٹن میں پاکستانی ڈاکٹر سمیت دو افراد بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب نیویارک کا سینٹرل پارک اسپتال میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔